کوئٹہ:کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی نے کہا ہے کہ محبت،اخوت اور رواداری کی فضاکو قائم رکھا جائے گا۔جبکہ کسی کو بھی مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔جلوس اور اس کے روٹس کو سیکورٹی پلان کے مطابق سیکورٹی دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ ،ریجنل پولیس آفیسر وڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد اسحاق ،ڈپٹی کمشنر داوًدخان خلجی ،کرنل سجاد کمانڈنٹ غزہ بند کے علاوہ دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی نے کہا ہے کہ نفرت آمیز تقاریر کرنے اورمذہبی منافرت پھیلانے والے مواد ررکھنے اور لاوًڈاسپیکرکا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔یکم تا 10ویں محرم کے دوران تعمیرات کے کاموں پر مکمل پابندی عائدکر دی گئی اور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام ضروری محکموں کے نمائندے جلوس کے روٹس پر صفائی ،اسٹریٹ لائٹس کامناسب انتظام کرنے کے علاوہ پانی وبجلی کی یکساں فر اہمی کو یقینی بنائیں ۔اسی طرح روٹس کی سیکورٹی اور نگرانی کومزید مؤثر کیا جائے ۔جبکہ محرم کے روٹس کے علاوہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو برقراررکھا جائے گا۔اجلاس کو محرم الحرام کے دوران سیکورٹی ودیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلاًبریفنگ بھی دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ انتظامیہ، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر محکمے رابطے میں رہیں گے ۔