انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملے اور پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کسی کی زمین پکڑنے کے لیے بھوکا بھی نہیں ہے لیکن انڈیا کے فوجیوں نے ملک اور دوسروں کے مفادات کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اتوار کو دہلی میں ایک تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’بھارت نے کسی پر حملہ نہیں کیا۔ نہ ہی بھارت کسی اور کی زمین کا بھوکا ہے۔ لیکن دو عالمی جنگوں میں (جس میں ہندوستان کا براہ راست کوئی لینا دینا نہیں تھا) ڈیڑھ لاکھ بھارتی فوجیوں نے اپنی زندگی کی قربانی دی تھی.‘
انھوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے انڈین نژاد لوگ بھی سیاست یا پھر غیر ملکی زمین پر قبضہ میں شامل نہیں ہوتے بلکہ دیگر کمیونٹیز کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے لوگ پانی کی طرح ہوتے ہیں اور دوسرے لوگوں کے ساتھ گھل مل كر رہتے ہیں۔
مودی نے کہا کہ کئی قربانیوں کے باوجود دنیا نے بھارت کی اہمیت کو نہیں سمجھا ہے اس لیے وہ جب بھی بیرون ملک جاتے ہیں تو انڈین فوجیوں کے لیے بنائی گئی یادگاروں پر جانا نہیں بھولتے۔
یاد رہے کہ 18 ستمبر کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے اوڑی میں بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی جس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
کشمیر
اس حملے کے بعد انڈیا نے اس کا الزام پاکستان پر ڈالا اور 29 ستمبر کو انڈیا نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ’شدت پسندوں کے لانچ پیڈ پر سرجیکل سٹرائیک‘ کا دعویٰ کیا جس کی پاکستان نے تردید کی ہے۔