|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2016

کوئٹہ : سی پیک مغربی روٹ پر مسلسل دروغ گوئی سے کام لے کر چینی سفیر سے واضح اعلان کروایا گیا کہ سی پیک مغربی روٹ ہمارے پروگرام کا حصہ نہیں ، وزیراعظم وفاقی وزیر گزشتہ دو سالوں سے پشتونخوا اور بلوچستان کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ہم تو شروع دن سے واضح اور برملا کہہ رہے تھے کہ وفاق کے نام پر صرف پنجاب کے مفادات کو عزیز رکھا جارہا ہے ، حکمران انتہائی خطرناک روش پر چل پڑے ہیں ، صرف پنجاب کو پاکستان تصور کرنے کی 71 میں نتائج بھگت چکے لہذا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ملک کوغداروں نے نہیں بلکہ خیر خواہوں نے دولخت کیا ۔ ایسے حالات میں پشتونوں کو اپنے حالات کا تجزیہ کرنا ہوگا اور اپنی تباہی و بربادی کے اسباب و محرکات پر سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا کیونکہ گزشتہ چار عشروں کی نسل کشی کے بعد اب ہمارے معاشی قتل عام کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے شاہرگ میں ضلعی صدر ولی داد میانی کے استقبالیہ ، دکی میں تحصیل صدر عزت خان ناصر کے عصرانے کے موقع پر پارٹی ذمہ داران سے بات چیت کے دوران کیا ۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مابت کاکا ، ضلعی صدر بسم اللہ لونی ، گنو خان غلزئی ، عبدالباقی ترین ، اکبر ناصر ، عثمان ناصر ملک نصراللہ ، میر ہزار خان بابر ، امیر محمد ناصر ، عبدالسلام ، محمد ابراہیم ناصر ، رشید میانی ، عبدالرزاق مشر ودیگر بھی موجود تھے ۔ اصغر خان اچکزئی نے کہاکہ سی پیک مغربی روٹ پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی بھر پور احتجاج کیا جائے گا اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور پریس کلب میں وفاق کے نام پر پشتون دشمن حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں کے ناروا اقدامات کے خلاف آج بھر پور آواز اٹھائی جائے گی ۔ علاوہ ازیں صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے ہرنائی میں تحصیل صدر فیروز خان ترین سے ان کے بھائی ، پارٹی رہنماء اکبر خان ناصر سے ان کے چچا قبائلی رہنماء حاجی دوتانی اور نعیم ترین سے ان کی کمسن بیٹی کی دلخراش موت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔