کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہاکہ خواتین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانا سراسر بزدلی ہے دشمن شکست خردہ ہوکر اب خواتین کو نشانہ بنا رہاہے مشکل کی گھڑی میں تمام اقوام کو متحدہوکر دشمن کو شکست دینی ہوگی ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو نیچاری امام بارگاہ کے دورے کے موقع پر کیرانی روڈ پر شہید ہونے والی خواتین کے ورثاء اور ہزارہ برداری کے سیاسی قبائلی و دینی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان مجیر جنرل شیر افگن ، جی او سی 41ڈویژن میجر جنرل عابد لطیف ، ممبر صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا ، ہزارہ قوم کے سربراہ سردار سعادت علی ہزارہ اور دیگر رہنماء بھی موجو دتھے ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہاکہ خواتین کو نشانہ بنانا بلوچستان کی روایات کے منافی ہے دشمن شکست خردہ ہوکر بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے چھپ کر وار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیجائے گی مشکل کی اس گھڑی میں ہزارہ قوم اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہزارہ قوم پرامن اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے والی قوم ہے ۔ اتنی قربانیوں کے باوجود بھی انہوں نے صبر کا دامن ہاتھ نہیں چھوڑا ۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہاکہ دشمن فرقہ وارانہ فساد کرواکر برادر اقوام کو آپس میں لڑانا چاہتاہے لیکن ہمیں ملکر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا نا ہے ۔