|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2016

کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ٹراما سینٹر کو مکمل طو رپر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد سینٹر میں جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ٹراما سینٹر میں ڈاکٹروں پیرا میڈیکس اور دیگر عملے کو تعینات کردیا گیا ہے اور سول ہسپتال میں تبدیلیاں لاکر اسے ایک جدید ہسپتال بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال کے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری کے ہمراہ سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ، ایم ایس سول ہسپتال اور دیگر حکام تھے۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال میں سیکیورٹی نظام، صفائی کی صورتحال او رپارکنگ نظام کو بہتر بنایا جائے۔ہسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور اس کی نگرانی کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اور نرسنگ سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سول ہسپتال میں قائم ٹراما سینٹر میں تین ماہ کے اندر جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں مختلف شعبوں کے سربراہان اپنے شعبوں کی ضروریات سے آگاہ کریں تاکہ ان ضروریات کو پورا کیا جاسکے اور عوام کی مشکلات کو دور کرکے انہیں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں مشینری اور عملے کی کمی کی وجہ سے تین ماہ میں ایک آپریشن بھی نہیں ہوا جس پر چیف سیکریٹری نے یقین دلایا کہ عملے کی تعیناتی اور جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئٹہ میں 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے جس سے صوبے کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔