واشنگٹن: امریکا کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے حالیہ پاک-ہندوستان کشیدگی پر اپنے پہلے بیان میں دونوں ممالک کی افواج پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعات کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے سے مذاکرات جاری رکھیں۔
پنٹاگون کے پریس سیکریٹری پیٹر کک نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا، ‘ہم اس بات سے واقف ہیں کہ پاکستانی اور ہندوستانی افواج ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان ان مذاکرات کے جاری رہنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، تاکہ کشیدگی کو ختم کیا جاسکے’۔
ان کا مزید کہنا تھا، ‘ہم مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اس بات کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے کہ یہ مذاکرات جاری رہیں’۔
پیٹر کک نے کہا کہ پینٹاگون سمیت امریکی انتظامیہ کے مختلف ادارے پاکستان اور ہندوستان دونوں سے روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:جوہری ریاستیں پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں: امریکا
ہندوستان کی جانب سے جنگ کے آغاز کی صورت میں اسلام آباد کی جوہری جنگ کی مبینہ دھمکیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں پیٹر کک نے کہا، ‘سیکریٹری ایشن کارٹر اور امریکی حکومت کو امید ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کو کم کیا جائے اور یہاں بھی مذاکرات کے ذریعے سے دونوں ملکوں کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے کوشش کی جائے گی’۔
واشنگٹن میں موجود سفارتی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاک-ہندوستان کشیدگی میں مداخلت نہ کرنے کی اپنی اعلانیہ پالیسی کے باوجود امریکی انتظامیہ مسلسل دونوں ملکوں پر زور دے رہی ہے کہ تنازعات کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے سے مذاکرات کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان، ہندوستان اختلافات دور کریں، امریکا کا پھر زور
ان کا کہنا ہے کہ اس سے موجودہ صورتحال میں واشنگٹن کی تشویش کی سطح کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ اس کی بیان کردہ پالیسی کے برخلاف ہے، جس کے مطابق امریکا کہتا آیا ہے کہ اپنے اختلافات کے خاتمے کے لیے پاکستان اور ہندوستان کو خود فیصلہ کرنا چاہیے۔
ایک حالیہ بریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے واضح کیا تھا کہ پاک-بھارت کشیدگی کو کم کرنے کی امریکی کوششوں کی بنیاد دونوں ملکوں سے اس کے ‘مضبوط تعلقات’ پر ہے اور واشنگٹن چاہتا ہے کہ یہ تعلقات برقرار رہیں۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے پریس آفس کی ڈائریکٹر الزبتھ ٹروڈو کا کہنا تھا، ‘ہمارے پاکستان اور ہندوستان دونوں سے مضبوط روابط ہیں اور ہم اسی بنیاد پر کام کر رہے ہیں’۔
مزید پڑھیں:امریکا کا پاکستان، ہندوستان پر اختلافات ختم کرنے پر زور
دوسری جانب ڈان سے بات کرتے ہوئے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور ہندوستانی افواج کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں امریکا ‘دونوں حکومتوں سے اعلیٰ سطح پر رابطوں میں مصروف ہے’۔
حالیہ کشیدگی کے دوران امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری 2مرتبہ اپنی ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج سے ٹیلیفونک رابطہ کرچکے ہیں، جبکہ کچھ رپورٹس کے مطابق جان کیری نے پاکستانی عہدیداران سے بھی رابطہ کیا ہے۔