|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2016

کوئٹہ +واشنگٹن : صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے براہمداغ بگٹی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت کسی بھی ایسے شخص کے لیے بات کرنے کے لیے تیار ہے جو اسلحہ پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہے۔انھوں نے کہاکہ براہمداغ اگر بات نہیں کرنا چاہتے تو یہ ان کا موقف ہے۔ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ براہمداغ کے لوگ جوق در جوق ہتھیار ڈال رہے ہیں اور ان کا اپنا خاندان بھی ان کے ساتھ نہیں ہے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ براہمداغ پتہ نہیں کس آزادی کی بات کرتے ہیں، بلوچستان کے عوام 1947 میں آزاد ہوگئے تھے اور پھر ان کے لفظوں میں سال دو ہزار پانچ، دوہزار چھ میں اس وقت حقیقی طور پر آزاد ہوئے جب صوبے کے عوام کو براہمداغ اور ان کے ظالم دادا سے نجات ملی۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ سابق کور کمانڈر اور موجودہ مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے جس طرح ’’عوام اور قبائل کے ساتھ مل کر عسکریت پسندی کی تحریک سے نمٹا ہے اور ہتھیار اٹھانے والوں کو قومی دھارے میں لے آئے ہیں، وہ قابل ستائش ہے۔