نیو میکسیکو: خواتین سے غیر شائستہ زبان استعمال کرنے پر امریکا میں لوگوں نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کیا اور ان کے پتلے کو مارمار کر اپنے غصے کا اظہار کیا اور پھر اسے آگ لگادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے خلاف غیر شائستہ گفتگو کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد امریکی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ نیو میکسیکو میں اسی غصے کو کم کرنے کے لئے لوگوں نے سرعام ٹرمپ کے پتلے کو لٹکا کر خوب ڈنڈے مارے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: خواتین کے بارے میں نازیبا بیان پرڈونلڈ ٹرمپ نے معافی مانگ لی
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پتلے کے پاس سے گزرنے والا ہر شہری اپنا غصہ اتارتا اور کہتا، کوئی ٹرمپ کو ووٹ نہ دے۔ پتلے کو بعد میں آگ لگا دی گئی۔ دوسری طرف ٹرمپ کے خلاف اس ویڈیو سے اٹھنے والا مذمتی طوفان ابھی تھما نہیں تھا کہ مزید 4 خواتین نے دعویٰ کر دیا کہ ٹرمپ نے ان کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی ہے۔