|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

قلعہ عبداللہ :عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ ملک کے حکمران کے رویے سے لگتاہے کہ پنجاب چین راہداری منصوبہ کالاباغ ڈیم کے طرز پر متنازعہ نہ بن جائے ،گوادرکاشغر اقتدادی راہداری کے مغربی روٹ کی مبینہ تبدیلی ہمارے بچوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے ،ہم کسی کو بھی بزور طاقت اپناحق چھننے نہیں دیں گے، ہر طرف سے پشتونوں کا استحصال کیا جارہاہے صورتحال پر نام ونہاد قوم پرست اور مذہبی قوتیں خاموش ہے اس کا انہوں نے عوام کو حساب دینا ہوگا، سی پیک کے نام پر پنجاب بلوچستان اور خیبرپشتونخواکے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں اور انہیں سی پیک کے نام پر مکمل طور پر ٹرخایا گیا ہے یہاں ایک اینٹ لگانے کا ثبوت بھی نہیں دیاجاسکتا،اس لئے صوبے کے غیوراولس جبر وبربریت کیخلاف ،ہمت ،حوصلہ ،جوش اورولولہ کیساتھ 26اکتوبر کے تاریخی جلسہ عام میں بھرپورشرکت کریں ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی،پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مواصلات سنیٹر داؤدخان اچکزئی،ضلع کونسل قلعہ عبداللہ کے چیئرمین ملک عثمان اچکزئی،رشیدخان ناصر،جاویدکاکڑ، خان محمدکاکڑ،جمیل خان پیرعلیزئی ،سابق صدرلالہ خان مسے زئی اور دیگر رہنماؤں نے عوامی نیشنل پارٹی قلعہ عبداللہ کے زیراہتمام باچاخان مرکز کاکاجی برمہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکرز کنونشن کی صدارت قلعہ عبداللہ کے قائم مقام صدر خان محمد کاکڑ کررہے تھے ،صوبائی صدراصغر خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونوں پر عرصہ 40سالوں سے زندگی تنگ کردی گئی ہے اور ان سے جینے کا حق تک لیا جارہاہے ہمارے مستقبل کو ہم سے چھینا جارہاہے جن حالات کے اشارے ہمارے اکابرین نے کئی دہائیوں قبل دیئے تھے آج وہ حالات درست ثابت ہورہے ہیں ،اس کیلئے ہمیں تیار رہنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ کیا ہمیں جینے کا حق بھی حاصل نہیں ہے ،8اگست اور اس سے پہلے اور بعد کے واقعات کے ذمہ دارکون تھے ،اس پر حکمرانوں کو ضرور غور کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے نام پر آج جو کچھ ہمارے حکمران کررہے ہیں وہ پنجاب کے حکمرانوں کی وجہی سے متنازعہ بن رہاہے اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پنجاب چین کا یہ منصوبہ کالاباغ ڈیم نہ بن جائے ،یہ ہمارے بچوں سے ان کا نوالہ چھننے کے مترادف ہے ،ہم کسی کو بھی بزور طاقت اپناحق چھننے نہیں دیں گے،صوبائی اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جوحالات ہے اس کیلئے کارکنوں کوتیار رہنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے پشتونوں کا استحصال کیا جارہاہے صورتحال پر نام ونہاد قوم پرست اور مذہبی قوتیں خاموش ہے اس کا انہوں نے عوام کو حساب دینا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ پشتونوں کے حقوق کے نام ونہاد دعویداروں کا چہرہ عوام نے اچھی طرح پہچان لیا ہے ،عوام اب باشعور ہوچکے ہیں وہ کسی کے خالی خولی نعروں میں نہیں آئینگے،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مواصلات سنیٹر داؤدخان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے نام پر پنجاب بلوچستان اور خیبرپشتونخواکے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں اور انہیں سی پیک کے نام پر مکمل طور پر ٹرخایا گیا ہے یہاں ایک اینٹ لگانے کا ثبوت بھی نہیں دیاجاسکتا ،سی پیک کے حوالے سے تمام من صوبے پنجاب میں مکمل کئے جارہے ہیں اور وہاں اربوں ڈالرکے منصوبے لگائے گئے ہیں جس پر کام جاری ہے۔