|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

لاہور: صوبہ پنجاب پولیس نے شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ انھیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ 9 سے 10 ‘دہشت گرد’ شیخوپورہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے شیخوپورہ کے قریب بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے رات ساڑھے 12 بجے ملزمان کا پیچھا کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان دو موٹر سائیکلوں اور ایک کار پر سوار تھے جنھوں نے بائی پاس کو چھوڑا اور ایک قریبی سڑک پر سفر کا آغاز کردیا۔ انھوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ملزمان کو رکنے اور ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا لیکن ملزمان نے پولیس ٹیم پرفائرنگ کردی۔ پولیس ٹیم نے جوابی کارروائی کی تاہم کچھ دیر بعد فائرنگ رکی تو نامعلوم 6 ملزمان کی لاشیں موقع پر موجود تھیں۔ ترجمان کا دعویٰ تھا کہ ان کے چار ساتھیوں نے ہی ان پر فائرنگ کی تھی اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشن کوف، 3 پستول، 2 کلو دھماکا خیز مواد اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کیں۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے ملزمان کی شناخت کیلئے لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس نے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا تاہم کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ خیال رہے کہ 17 فروری 2016 سی ٹی ڈی نے اندرنالہ شرقپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ 6 اپریل 2016 کو سی ٹی ڈی نے لاہور میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 6 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔ 20 مئی 2016 کو مظفر گڑھ کے قریب مونڈکا چوک کے علاقے میں القاعدہ کے 6 مبینہ دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔ 23 جولائی کو ضلع راجن پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔