گوا: پاکستان کوسفارتی سطح پر تنہا کرنے کے دعوے کرنے والا بھارت خود تنہائی کا شکار ہوگیا اور برکس اجلاس میں چین کے بعد روس نے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی موقف کو مسترد کردیا۔
دوسروں کے لیے گڑھا کھودنے والاخود اس میں گرتاہے اور بھارت کےساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ پاکستان کوسفارتی محاذ پر تنہا کرنے کے جتن کرنے والابھارت خود تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔ بھارتی میڈیا کےمطابق برکس اجلاس میں روس نےبھارت کا ساتھ چھوڑ دیا اور پاکستان کاساتھ دیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ برکس اجلاس میں روس نے پاکستان کے خلاف بھارتی موقف مسترد کردیاجس پر مودی سرکار کافی پریشان ہے۔ بھارتی اخبارکا کہنا ہے کہ روس کی پاکستان کے حوالے سے خاموشی نے مودی سرکار کی نیندیں اڑا دیں اور چین کی بجائے روس نے بھارت کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : چین نے جیش محمد، لشکر طیبہ کا ذکر برکس اعلامیے میں رکوا دیا
برکس اجلاس میں بھارت روس سے پاکستان کے خلاف بیان بازی کروانا چاہتا تھا لیکن مودی سرکار کےعزائم کامیاب نہ ہوسکےجب کہ برکس اجلاس کےاعلامیہ میں بھی روس نے بھارتی موقف کی تائید نہ کی۔