|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2016

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے پارٹی انتخابات کےلیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے جس کے تحت صدارت کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی الیکشن کے سلسلے میں چوہدری جعفر اقبال کی سربراہی میں مقرر کمیشن نے مختلف عہدوں کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی، جانچ پڑتال کے دوران پارٹی کے صدارتی امیدوارعبدالقادربلوچ کے کاغذات مسترد ہوگئے جس کے باعث وزیراعظم نواز شریف پارٹی کے بلامقابلہ صدرمنتخب ہوگئے۔ اس کے علاوہ سرتاج عزیز، چنگیزمری، امداد چانڈیو، یعقوب ناصر، سرانجام خان اورسکندرحیات سینئرنائب صدورجب کہ راجا ظفرالحق بلامقابلہ چیئرمین منتخب، سینیٹرپرویزرشید بلامقابلہ سیکرٹری مالیات، مشاہد اللہ خان سیکریٹری اطلاعات جب کہ احسن اقبال بلامقابلہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت انتخابات میں حصہ لینے والی ہرجماعت پر4 برسوں میں ایک بار پارٹی الیکشن کرانا لازمی ہے۔