اسلام آباد: کم ترقی یافتہ علاقوں کے حوالے سے سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی نے فاٹا اور بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں کیلئے اسکالر شپس میں اضافے ‘ تنخواہوں میں 8 ہزار تک اضافہ ‘ سکول و کالجز کی تعلیم ‘نصابی سرگرمیوں میں کھیلوں کو لازمی حصہ بنانے اور پی ایس ایل کی طرز پر فٹ بال لیگ کرانے کی سفارش کر دی۔ جمعہ کو کمیٹی ا کاجلاس چیئرمین سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ جس میں ممبران کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد ‘ سینیٹر جہانزیب جمالدینی ‘ سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل ‘ سینیٹر نثار احمد ‘ سینیٹر ثمینہ عابد ‘ سینیٹر گیان چند ‘ بین الصوبائی رابطہ کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ اور سیکرٹری راجہ نادر علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام نے فاٹا سمیت پسماندہ علاقوں میں وزارت کی گزشتہ 3 سالوں کی کارکردگی اور منصوبوں پر بریفنگ دی۔ کمیٹی کو یوتھ ریکج کلچرل پروگرام و وزیر اعظم یوتھ ٹریننگ سکیم ‘ فاٹا اور بلوچستان کے طلباء کے لئے تعلیمی مواقع ‘ تھرپارکر کیلئے سکالر شپس ‘ بگٹی قبائل کے طلباء کے بہاولپور میں داخلے ‘ دولت مشترکہ سکالر شپ پروگرام ‘ پاک چائنہ سکالر شپس پروگرام اور پاکستان گرلز گائیڈ اینڈ بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن بارے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت سے سفارش کی کہ دولت مشترکہ ممالک اور دچین سے فاٹا بلوچستان اور پسماندہ علاقوں کے لئے سکالر شپس پروگرام میں 20 سکالر شپ کے اضافے کیلئے بات کی جائے۔ پسماندہ علاقوں کے لئے اس سے قبل دولت مشترکہ کی طرف سے 49 جبکہ چین کی طرف سے 100 سکالر شپس کے پروگرام ہیں۔ کمیٹی کو پسماندہ علاقوں میں فٹ بال کے فروغ کے حوالے سے بھی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے کہاکہ بلوچستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے چمن ‘ لورا لائی ‘ نوشکی ‘ خضدار اور قلات میں اسٹیڈیم تعمیر کئے جائیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کے فٹ بال کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے پی ایل ایس کی طرز پر فٹ بال لیگ کروائی جائے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ پسماندہ علاقوں کے سکول ‘ کالجز کی نصابی سرگرمیوں میں کھیلوں کو لازمی حصہ بنایا جائے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ پسماندہ علاقوں میں انٹرن شپ تنخواہوں میں 12 کا اضافہ کر کے 20 ہزار کی جائے۔ آئندہ سال سے پسماندہ علاقوں کیلئے انٹرن شپس کو دوگنا کیا جائے اور انٹرن شپ کیلئے عمر کی بالائی حد کو 28سے بڑھا کر 30 سال کیا جائے۔ کمیٹی نے یوتھ ریکج کلچرل پروگرام میں آئندہ سال سے پسما ندہ علاقوں کے وفد کو بھی دوگنا کرنے کی سفارش کی۔