|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2016

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنماؤں اور عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر عارف اور کنورخالد یونس کو ہفتہ کے روز کراچی پریس کلب کے باہر سے رینجرزنے حراست میں لے لیا جس کے بعد پریس کانفرنس کے لئے آنیوالے رابطہ کمیٹی لندن کے رکن امجداللہ نے پریس کانفرنس ملتوی کر دی ۔تفصیلات کے مطابقایم کیو ایم لندن کے رہنما حسن ظفر عارف پریس کانفرنس کیلئے پریس کلب پہنچے تھے اس موقع پر رینجرز کی بھاری نفری وہاں تعینات تھی۔ حسن ظفر نے پریس کلب کے دوسرے گیٹ سے پریس کلب کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران رینجرز کے اہلکار دوسرے دروازے پر پہنچ گئے اور انھوں نے حسن ظفر عارف کو حراست میں لے لیا۔حسن ظفر کو حراست میں لے کررینجرز نے موبائل میں بیٹھا کرمیٹھارام ہاسٹل منتقل کردیا۔اس کے بعد رینجرز نے ایم کیوایم کے سینئر رہنما کنور خالدیونس کو بھی حراست میں لے لیا۔ایم کیوایم لندن کے دیگر رہنما پریس کلب کے اندر ہی موجود تھے۔ دو اہم رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنماء امجد اللہ نے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔ ایم کیوایم لندن کے کسی رہنما کی حالیہ دنوں میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے ،متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما ندیم نصرت نے کہا ہے کہ حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو فی الفور رہا کیا جائے ‘ کالعدم تنظیمیں پاکستان میں کھلے عام اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں‘ متحدہ کے رہنماؤں کو پر امن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا رہی ‘ یہ سلسلہ بند کیا جائے ‘ سندھ حکومت کے دور میں جمہوری اور سیاسی آزادیوں کو سلب کیاجا رہا ہے ‘ ۔ ہفتہ کو انہوں نے حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کی گرفتاری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن ظفر عارف اور کنور خالدیونس کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ہمارے مزید رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اراکین رابطہ کمیٹی کو کسی قانونی جواز کے بغیر گرفتار کیاجا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اراکین کو پریس کانفرنس تک کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی جس سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ سندھ حکومت کے دور میں جمہوری اور سیاسی آزادیوں کو سلب کیا جا رہا ہے،دریں اثناء رینجرز نے عزیز آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بلاک ٹو سرچ آپریشن کیا، رینجرز کی بھاری نفری نے عزیز آباد تھانے اور اس کے اطراف کی 4 گلیوں کا مکمل محاصرہ کیا اور اس دوران علاقے کو عام آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا، رینجرز اہلکاروں نے گھروں کی تلاشی لی اور ایک گھر سے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔رینجرز اہلکار ایک ملزم کو ساتھ لائے تھے جس کی نشاندہی پر کارروائی کی جارہی تھی۔