|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2016

واشنگٹن : امریکی صدر باراک اوبامہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ صبر و تحمل اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرکے خطے میں اعتماد کی فضا کو بحال کرنے حالات کو سازگار بنانے اور بات چیت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ نیو یارک میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر باراک اوبامہ نے بھارت اور پاکستا ن کے کشیدہ تعلقات کو جنوبی ایشیائی خطے کے لئے خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پسند اور ناپسند کی دہشتگردی دنیا کے لئے قابل قبول نہیں اور پاکستان کو چاہیئے کہ وہ اچھی اور بری دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنے وعدے کا پاس کرے۔ بھارت پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات لازمی قرار دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ خطے کے حالات بڑی تیزی سے بدل رہے ہیں اور دونوں ممالک حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ثابت ہور ہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کو امن کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے صدر نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ایک معاملے کو اپنے زاویہ سے ناپنے کی کوشش نہ کرے بلکہ صورتحال کو دیکھ کر اسکا تجزیہ کرے اور پھر حالات پر قابو پائے۔