کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وکلاء ، پولیس کیڈٹس اور معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کے پاؤں کے نشانہ جہاں جاتے ہیں ہمیں معلوم ہے، وہ جہاں چھپ کر بیٹھے ہیں ہم انہیں وہاں سے کھینچ کر لائیں گے اور کیفر کردار تک پہنچائیں گے ، دہشت گرد پاکستان کے بارے میں جو نقشہ اور فارمولا لے کر آئے تھے اس کے تحت پاکستان کو عراق اور شام کی مانند بنانا مقصود تھا لیکن پاکستان کی بہادر عوام ، فوج اور سیکورٹی فورسز نے ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ پی ٹی سی کے شہدا ء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سول سوسائٹی، صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، خواتین اراکین اسمبلی ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب ، جنرل آفیسرز، پولیس آفیسرا ن واہلکاران، اعلیٰ حکام اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ زندہ قومیں قربانیاں دیتی ہیں ہمیں اپنی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے، جب بھی دہشت گرد حملہ آور ہوئے انہوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر مادر وطن کی حفاظت کی، وزیراعلیٰ نے سانحہ پی ٹی سی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج، ایف سی اور پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف بہت سے قیمتی جانیں بچائیں بلکہ رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر 105ایکڑ پر محیط پی ٹی سی کو صرف چار گھنٹے میں کلیئر کروایا، انہوں نے خاص طور سے شہیدکیپٹن روح اللہ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیراعلیٰ نے کہ وہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے خود موقع پر پہنچ کر کمانڈ کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ یقیناًدکھ اور افسوس کی بات ہے کہ ہم ایک قلیل عرصہ میں دوسری مرتبہ شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کر رہے ہیں تاہم دہشت گردی کے یہ واقعات دہشت گردوں کے خلاف ہمارے عزم کو مزید پختہ کر رہے ہیں، اگر دہشت گرد سمجھتے ہیں کہ وہ ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے، ہم کٹ سکتے ہیں جھکیں گے نہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری بہادر فورسز سینے پر گولی کھاتی ہیں لیکن چوروں کی طرح رات کی تاریکی میں آنے والے دہشت گردوں کو انجام تک ضرور پہنچاتی ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے عوام کا جذبہ اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ہم بہادر قوم ہیں ہماری افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ چھپ کر نہتے لوگوں پر حملہ کر رہے ہیں، لیکن انشاء اللہ ان کو آئندہ اس طرح کی کاروائیوں کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی کے شہید کیڈٹس ہمارے بچے تھے، ان کی شہادت سے جو زخم ہمارے سینے پر لگا ہے، اس کا علاج واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام ، صوبائی کابینہ اور اپنی جانب سے 8 اگست اور پی ٹی سی کے سانحات کے ساتھ ساتھ ملک کی بقاء کی جنگ میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔