اسلام آباد : تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف دن رات منفی پروپگنڈہ کرنے والے پرویز رشید کو اْس کا جھوٹ بھی نہیں بچا سکا ، پرویز رشید کا استعفی ٰوفاقی وزراء کیلئے عبرت ہے ۔اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو بلوچستان سے اسلام آباد پہنچے والے پی ٹی آئی کے پہلے قافلے کے شرکاء کو خوش آمد کرنے کے بعد اپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ پرویز رشید نہیں کہا تھا کہ 30اکتوبر کو عمران خان نظر نہیں آئیں خان تو یہی ہے مگرموصوف کی اپنی چھٹی ہو گئی ہے اور خود منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں ، نواز شریف کیلئے دن رات جھوٹ بولنے والوں کو بھی اس سے عبرت حاصل کرنی چاہے کیونکہ پرویز رشید کا جھوٹ اْسے نہیں بچا سکا ویسے ہی پانامہ لیکس میں نواز شریف نہیں بچ سکے گا ، چورحکمرانوں کو تلاشی دینا ہو گی کیونکہ ابھی تو صرف ٹرایلر چلا ہے فلم ابھی باقی ہے، ابھی تو مزید پردہ نشینوں کے نام اور استعفے سامنے آئیں گے ۔اْنہوں نے کہاکہ پرویز رشید کے استعفے نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ نواز شریف جمہوریت نہیں بلکہ اپنی بادشاہت بچا رہے ہیں ، اس ہی بادشاہت کے خاتمے کیلئے ہی عمران خان نے 2نومبر کی کال دے رکھی ہے جس کیلئے میں نے پی ٹی آئی بلوچستان کے ٹائیگرز کو عمران خان کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے اب بلوچوں کی لاشوں سے گزر کر ہی کوئی عمران خان تک پہنچے گا ۔ نہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تحریک انصاف کے دس ہزار کارکنان اپنے قائد عمران خان کی کال پر اسلام آباد پہنچیں گے اور چوروں کی حکومت کو رخصت کر کے ہی واپس جائیں گے ، کارکنان پارٹی کا ثاثہ ہیں ، بادشاہت کے خاتمے میں بلوچستان کے کارکنان تاریخ رقم کرینگے ۔