|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2016

کوئٹہ :جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے پولیس ٹریننگ سینٹر کالج پر حملے میں زخمی ہونے والے 11 کیڈٹس سمیت 22 افراد کو بذریعہ ہوائی جہاز کراچی بھیجنے کا اعلان کردیا ہے ۔ گزشتہ روز پی ٹی سی کالج کے زخمی کیڈٹس کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ سول ہسپتا ل کوئٹہ میں زخمیوں کو دیئے جانے والے طبی امداد کی سہولیات سے زخمی پولیس اہلکار اور ان کی اہل خانہ کے افراد مطمئن نہیں اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر زخمیوں کو کراچی ریفر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ زخمی پولیس سپاہیوں کو بذریعہ روڈ کراچی منتقل کرنا درست اقدام نہیں اس سے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے سے متعلق نہ صرف وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کی جائے گی بلکہ حکومت سندھ کوبھی اس سلسلے میں اپیل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری وطن پارٹی حملے میں زخمی ہونے والے 11 کیڈٹس اور 11 تیمارداروں کو کراچی منتقل کرنے کے لئے انہیں ہوائی جہاز کے ٹکٹس فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال کیلئے حکومت وقت کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اگر سیکورٹی اہلکار ہی محفوظ نہیں ہوں گے تو عام شہری کیسے تحفظ کا احساس کریں گے ۔