|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ہرموضوع پر دسترس حاصل کرنے اور انہیں معاشرے کے فائدے میں بروئے کار لانے کے لئے تحقیق کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تمام ضروری سہولیات مہیا کررہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے طلباء وطالبات ان سہولتوں سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے علم وتحقیق کو عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لئے استعمال میں لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز وومن یونیورسٹی میں نئے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ حکومت نے لیبارٹریز اور دیگر ضروری سہولیات اور سامان مہیا کرکے اپنا فرض ادا کیا ہے اب آپ کو بھی چاہیئے کہ ان سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے تحقیق کے شعبے میں فعال کردار ادا کریں اور خاص طور سے صوبے کے ایسے پھلوں ، سبزیوں، پودوں، درختوں کی افزائش کی راہ تلاش کریں جو زیادہ سے زیادہ عام آدمی کے استعمال میں آسکیں۔ انہوں نے بلوچستان میں پانی کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اشیاء کی پیدوار بڑھانے کی ضرورت ہے جس میں کم از کم پانی استعمال ہوتا ہو۔ بعدازاں گورنر نے کتب میلہ کا بھی افتتاح کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کتاب بینی کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور تجویز پیش کی کہ یونیورسٹی میں صرف مرکزی لائبریری پر سارا بوجھ نہ ڈالا جائے بلکہ ہرشعبہ میں الگ الگ لائبریریاں قائم کی جائیں تاکہ طلباء وطالبات بآسانی اس سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے لائبریری کے لئے دس(10) لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ آخر میں منتظمین میں شیلڈ تقسیم ہوئے۔