راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں،دشمن جان لے کہ ہم ملک بالخصوص مغربی سرحد سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کے قریب پاک فوج کی زمینی مشقوں کا جائزہ لیا۔آرمی چیف نے گزشتہ رات اور علی الصبح سینٹرل کمانڈر کی مشقوں کا معائنہ کیا۔آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے جوانوں کے جذبے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں نے مطلوبہ اہداف حاصل کرلئے ہیں،مشقوں کے کامیاب انعقاد سے ہماری تیاریوں کے حوالے سے اعتماد بڑھا ہے۔پاک فوج کی زمینی مشقیں جدید ٹیکنالوجی اور مواصلاتی رابطوں سے ہم آہنگ ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہماری خود انحصاری میں اضافہ ہوا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ دشمن جان لے کہ ہم ملک بالخصوص مغربی سرحد سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں،مشکلات کے باوجود دنیا ہمارے عزم کی معترف ہے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی رائل ایئر فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد بن صالح نے ملاقات کی ہے ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی رائل فورس کے کمانڈر کی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پیشہ ورا نہ امور سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔