کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایم اے ، ایم ایس سی اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہونگے، اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، سردار مصطفی خان ترین، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر زمرک خان اچکزئی، اراکین صوبائی اسمبلی مجید خان اچکزئی، سید لیاقت آغا، غلام دستگیر بادینی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد داؤد بڑیچ، چیئرمین پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) کیلاش ناتھ کوہلی، ممبر پبلک سروس کمیشن محمد نسیم لہڑی، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلال جمالی، سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر عمر بابر اور سیکریٹری کالجز عبداللہ جان بھی شریک تھے، اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ ایم اے ، ایم ایس سی اور مقابلے کے امتحانات میں شریک ہونے والے امیدواران صوبے کا اثاثہ ہیں لہذا ان کے مستقبل کو کسی طور متاثر نہیں ہونے دیا جائیگا اور ان کی سہولت کے لیے دونوں امتحانات اپنے اپنے اعلان شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہونگے، تاہم ایم اے ، ایم ایس سی کے ایسے ریگولر طلباء جو کہ مقابلے کے امتحان میں بھی شریک ہو رہے ہیں ان کے لیے مقابلے کے امتحانات کے بعد ایم اے، ایم ایس سی کے امتحانات خصوصی طور پر علیحدہ سے منعقد کئے جائیں گے، جس کے لیے انہیں اپنی مقابلے کے امتحان کی مصدقہ رول نمبر سلپ بلوچستان یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات کو جمع کروانی ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس اہم اور حساس مسئلے کے اتفاق رائے سے حل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ مقابلے کے امتحانات کے لیے موثر سیکورٹی اقدامات اور امیدواروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔