کوئٹہ : بلوچ قوم پرست رہنماء ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں وفاقی سیاست کرنے والوں کو بلوچستان میں بلوچ قومی آزادی کی جد و جہد کیخلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ پہلے ایک سیاسی جماعت کے رہنماوں نے بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈ قائم کرکے بلوچ نسل کشی میں فورسزکا ساتھ دیا۔ اب بلوچستان کے دیگر دو اضلاع میں ایک اور سیا سی پارٹی نے دو ڈیتھ اسکواڈ قائم کئے ہیں۔ قلات کے علاقے دشت گوران میں قمبر خان اور ضلع آواران کے جھاو میں دو ڈیتھ اسکواڈ کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ اب یہ واضح ہوگیا کہ تمام بلوچ غدار، وفاق پرست جماعتیں، جو اپنے آپ کو قوم پرست کہتی ہیں، ایک ہی چھتری تلے متحد ہو گئی ہیں۔ بلوچ قوم کے نام پر وہ بلوچ قوم کا خون چوس رہے ہیں اور شہدا کے خون کا سودا لگا رہی ہیں میں بلوچ قوم سے اپیل کرتا ہوں وہ اِن سے دور رہیں جو بنگال کے قاسم و جعفر بن گئے ہیں۔ بلوچ قوم ان کے جلسے جلوسوں میں شرکت نہ کریں کیونکہ وہ آنے والے انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔ بلوچ قوم ان انتخابات کو گزشتہ انتخابات کی طرح مسترد کرے گی۔ اس پارلیمنٹ و انتخابات نے بلوچوں کو صعوبتوں اور لاشوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ ماضی میں یہ وفاق پرست جماعتیں صرف پارلیمنٹ میں بلوچ نسل کشی کی منظوری دیا کرتی تھیں، اب باقاعدہ ڈیتھ اسکواڈز تشکیل دیکر فورسز کے ساتھ بلوچوں کے قتل عام میں مصروف ہیں۔ بلوچ قوم ان چوروں کا احتساب کرے گی۔