امریکی صدارتی انتخابات میں شکست سے دو چار ہونے والی ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ الیکشن میں میری ناکامی کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم ایف بی آئی حکام کی جانب سے ای میلز کے حوالے سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات ہماری ناکامی کی بنیادی وجہ بنے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہلیری کلنٹن نے امریکی صدارتی انتخابات میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلری کلنٹن نے اپنی صدراتی تشہری مہم میں معاونت کرنے والے افراد کو فون پر بتایا کہ انتخابات سے صرف 2 ہفتے قبل ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کی جانب سے ان کے بطور وزیر خارجہ ای میل کے استعمال کے بارے میں تحقیقات کے اعلان نے ان کی مہم کو بری طرح متاثر کیا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ایف بی آئی کا ہیلری کلنٹن کی خفیہ ای میلز کی دوبارہ تحقیقات کا اعلان
ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ہماری ناکامی کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں لیکن ہمارا مشاہدہ ہے کہ جیمز کومی کے خط میں مجھ پر جس طرح بے بنیاد شکوک کا اظہار کیا گیا وہ ہماری ناکامی کی بنیادی وجہ بنے اور ڈائریکٹر ایف بی آئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ہم خود کو دوبارہ سنبھالنے میں ناکام رہے جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو مزید توانائی بخشی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ہلیری کی شکست ؛ حامی زاروقطاررونے لگے
واضح رہے کہ ہلیری کلنٹن 2009 سے 2013 تک صدر اوباما کی انتظامیہ میں وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں، رواں برس اکتوبر میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کانگریس کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ وہ ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں اس تفتیش کا ازسرِ نو آغاز کر رہے ہیں جو جولائی میں ختم کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد انتخابات سے صرف 2 روز قبل انھوں نے ایک اور خط میں کہا کہ وہ اپنے ابتدائی جائزے پر قائم ہیں کہ ہلیری کلنٹن کے خلاف فردِ جرم عائد نہیں کی جائے گی۔