اسلام آباد: سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے بھر میں شراب کی منظور شدہ دکانیں بند کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سماعت مکمل ہونے تک سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
سندھ میں شراب کی دکانیں بند کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وائن شاپس ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 27 اکتوبر کو شراب فروشی پر پابندی کا حکم دیا، شراب فروشی کے لیے خصوصی اجازت نامے جاری کیے جاتے ہیں جس کے تحت شراب صرف اجازت نامہ رکھنے والوں کو ہی فروخت کی جاتی ہے لہذا ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لئے منظور کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ درخواست کی سماعت مکمل ہونے تک سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کرے اور شراب خانے کھولنے کی بھی اجازت دی جائے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی سمیت سندھ بھر میں شراب خانے فوری طورپربند کرنے کا حکم
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں شراب کی فروخت کے تمام لائسنس منسوخ کرتے ہوئے شراب خانے فوری بند کرنے کاحکم دیا تھا۔