|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2016

لاہور: مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں اور وفاقی حکومت کو پانامالیکس اور بلاول بھٹو زرداری کی رومن اردو میں لکھی ہوئی تقریر کی فکر ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہ بدقسمتی ہے کہ بھارت نے کبھی پاکستان کی جانب سے دوستی کا جواب نہیں دیا اور بھارت اپنی جارحیت سے بھی باز نہیں آرہا، وفاقی حکومت کو چاہئے کہ بھارتی جارحیت پر سخت رد عمل دکھائے، لائن آف کنٹرول پر ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں جبکہ وفاق کوصرف پاناما اور بلاول بھٹو کی رومن میں لکھی تقریرکی فکر لاحق ہے۔ ان کا کہنا تھا سربراہ پاک فوج دلیر اور بہادر فوجی ہیں تمام مشکل حالات میں ہرجگہ پہنچ جاتےہیں انہیں چاہئے کہ اب وہ وفاق بھی پہنچیں۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں جوبھی پنجاب آئے اپنی جیب بچاکر آئے ہمیں پنجاب پر اعتبار ہے لیکن پنجاب کی حکومت پر کوئی اعتبار نہیں، اسی لئے اپنے پیسے اپنے بھائی کے پاس رکھوا کرآیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کا حصہ ہے پنجاب کے چپے چپے کو اپنا وطن سمجھتے ہیں کیونکہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور پنجاب کی زمین ہماری ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہر دور میں زندہ رہے گی اب بلاول بھٹو بھی اپنے نانا اور والدہ کے راستے پر چل رہے ہیں جلد ہی بختاور اور آصفہ بھی بلاول کی طرح سیاست میں آئیں گی، پنجاب میں جیالے ختم نہیں ہوئے بھٹو کا وارث جب پنجاب میں نکلے گا تو سارے جیالے باہر نکل آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ڈرامےمیں نہیں جدوجہد میں ہیں، دھرنے والوں کا ڈرامہ ختم ہوگیا ہے اب پتہ نہیں تحریک انصاف جشن کس بات کامنارہی ہے۔