|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2016

سوئی : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت سے مالامال ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں جب تک بلوچستان کی نوجوان نسل تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں ہوگی اس وقت تک ملک کی مجموعی ترقی کا تصور بھی محال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملٹری کالج سوئی کی چوتھی یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری تھے جبکہ صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی ، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، سول و عسکری حکام ، قبائلی عمائدین اور کیڈٹس کے والدین بھی تقریب میں شریک تھے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ شرح خواندگی کے حوالے سے پاکستان دیگر ممالک سے بہت پیچھے ہے جبکہ بلوچستان کا شمار پاکستان میں کم شرح خواندگی والے علاقوں میں ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کالج سوئی کا قیام انتہائی احسن اقدام ہے آج کا مارچ پاسٹ ، پی ٹی شو، جمناسٹک شو اور دیگر سرگرمیاں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں تربیت کا معیار بہت اعلیٰ ہے۔ کالج کا شاندار بنیادی ڈھانچہ اور کیڈٹس کی سرگرمیاں اس بات کی مظہر ہیں کہ کم مدت میں کالج نے ایک بلند مقام حاصل کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے نتائج میں کیڈٹس کی شاندار کارکردگی سے اس ادارے کی نیک نامی اور وقار میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث یہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور کالج کے کمانڈنٹ اور فیکلٹی ممبرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن کیڈٹس کیلئے بڑا اہم ہے جنہوں نے اپنی ٹریننگ کا ایک اور سال مکمل کرلیا ہے ان کی چمکتی آنکھیں بلند جذبات کی ترجمان ہیں اور ملٹری کالج سوئی کے تندرست اور توانا جوانوں کا ایک اور دستہ ملک کی خدمات کیلئے تیار ہے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود اس اہم تقریب میں شرکت کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ صوبے میں تعلیمی ترقی کے عمل میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے سدرن کمانڈ کی جانب سے کالج کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔