|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2016

سوئی /ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے یہاں منعقدہ عظیم الشان جلسہ سے خطاب کے دوران ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے لیے 6کروڑ روپے کی گرانٹ ، گنڈوئی ڈیم کی تعمیر، ایس این جی پی ایل کی جانب سے گرائے گئے گھروں اور دکانوں کی بحالی اور کمپنسیشن دینے، لوٹی کے لیے 20کلومیٹر روڈ کی تعمیر، سوئی ٹاؤن کے لیے آبنوشی اسکیم کے بقایا فنڈز کی فراہمی، ضلعی کی مختلف تحصیلوں کے لیے سولر پمپس دینے، ڈیرہ بگٹی ٹاؤن کو گیس کی فراہمی کے لیے مطلوبہ فنڈز دینے، پیرکوہ کو پانی ، بجلی اور گیس کی فراہمی اور لوٹی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع ڈیرہ بگٹی کے زمینداروں کے لیے 20ہزار بلڈوزر گھنٹے دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایس این جی پی ایل کی جانب سے لوگوں کے مکانات اور دکانوں کے گرائے جانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مقامی لوگوں کے مفادات کے خلاف کام کرنے نہیں دیا جائیگا اور مکانات گرانے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔