کوئٹہ: بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکشن آفیسر کے مقابلے کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے ایوب اسٹیڈیم میں قائم 5امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا، آئی جی پولیس احسن محبوب، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور کمشنر کوئٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے، چیف سیکریٹری نے امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے قائم سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا ، اس موقع پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی نے چیف سیکریٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحصیلداروں، اسسٹنٹ کمشنر اور سیکشن آفیسرز کے مقابلے کے امتحان کے لیے 24ہزار امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں ، تحصیلدار کے امتحانات بھی سخت سیکورٹی اور بہتر انتظامات کے تحت مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور سیکشن آفیسر کے 19نومبر تا 9دسمبر 2016 تک جاری امتحانات کے لیے ایوب اسٹیڈیم میں 5امتحانی ہال قائم کئے گئے ہیں ، صبح اور شام کے وقت ہونے والے مقابلے کے امتحانات میں ہر سیشن میں 3ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ امتحان میں شریک امیدواروں کو اصل شناختی کارڈ دکھانے پر ہی ہال میں داخل ہونے دیا جاتا ہے، اصل شناختی کارڈ نہ رکھنے والوں کو مقابلے کے امتحان میں شرکت سے روک دیا گیا جبکہ متعدد جعلی امیدواروں کو بھی نا اہل قرار دیا گیا ہے، ناجائز ذرائع اور نقل کے مکمل خاتمے کے لیے موبائل فون اور الیکٹرانکس ڈیوائس ہال میں لے جانے پر پابندی عائد ہے، امتحانی مراکز کے اندر بھی نقل کی روک تھام کے لیے مستعد امتحانی عملے کی تعیناتی کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں اور ہال کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں کیمرے کی آنکھ سے امتحان کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، چیئرمین پبلک سروس کمیشن نے مزید بتایا کہ محکمہ داخلہ، پولیس، محکمہ سپورٹس ، محکمہ ثقافت ، میٹرپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے بھرپور تعاون سے مقابلے کے امتحان کا بہتر انعقاد ممکن ہو سکا ہے اس کے علاوہ کیسکو اور واسا بلا تعطل بجلی اور پانی فراہم کر رہے ہیں، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام مقابلے کے امتحانات کے لیے کئے گئے انتظامات پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پبلک سروس کمیشن صوبے کا ایک اہم اور باوقار ادارہ ہے جس سے صوبے کے عوام یہ امید اور توقع رکھتے ہیں کہ صاف شفاف مقابلے کے امتحانات کے ذریعے صوبے کے قابل، لائق اور مستحق تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کی قابلیت اور اہلیت کے مطابق ہی منتخب کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ اہل اور تعلیم یافتہ نوجوان ہی معاشرہ ملک و قوم کی بہتر خدمت سر انجام دے سکتے ہیں، یہی لوگ آگے چل کر صوبے کی انتظامی مشینری کو سنبھالیں گے۔