اسلام آباد : وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند اور مثبت قدم ہے‘ وزیراعظم ہو‘ آرمی چیف یا چیف جسٹس سب کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے اس عمل سے ادارے مضبوط ہونگے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا بطور کمانڈر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کردار قابل تعریف ہے۔ آپریشن ضرب عضب ایک اہم فیصلہ تھا جو چیف آف آرمی سٹاف نے شروع کیا گو کہ حکومت کا کردار سب سے زیادہ رہا انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے توسیع نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند اور مثبت قدم ہے ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم ‘ آرمی چیف یا چیف جسٹس سب کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔ ایسے عمل سے ادارے مضبوط ہوں گے اور ملک میں انتشار اور بدامنی کا خاتمہ ہوگا جس سے ملک ترقی کرے گا ۔