کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ سول سروس صرف نوکری نہیں ہے بلکہ یہ ایک پورا طرز زندگی ہے سول سروس کا مقصد لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سول سروینٹس کی خوش قسمتی ہے کہ اس طرح کے تربیتی ادارے وجود میں آئے ہیں جو ملازمین کی مجموعی اور انفرادی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پہلے کے زمانے میں اس طرح کے تربیتی ا دارے نہیں ہوا کرتے تھے انہوں نے کہا کہ سول سروس ملازمین کو اپنی پروفیشنل زندگی میں کئی مسائل پیش آتے رہتے ہیں لیکن ان مسائل کا صبروتحمل کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے انہیں حل کرنا ہی ان کی صلاحیتوں کا اصل امتحان ہے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بہترین سول سرونٹس وہ ہیں جن میں سیاسی سمجھ بوجھ ، قوت فیصلہ کی صلاحیت اور وسیع علم ہو جسے وہ حالات کے مطابق استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی پروفیشنل زندگی میں رسک لے لیا کریں ایسا رسک جس سے ان کی کےئریر یا زندگی کو خطرہ ہو انہوں نے کہا کہ ملازمین کو چاہئے کہ وہ نئے نئے عہدوں پر فرائض سرانجام دیں اور ملک کے ہر علاقے میں ڈیوٹی ادا کریں کیونکہ اس سے وہ زیادہ تجربہ حاصل کرسکتے ہیں بجائے کہ ایک جگہ پر نوکری کرنا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سول سرونٹ کا مطلب ہی لوگوں کی خدمت کرنا ہے وہ لوگوں سے ایسا سلوک اختیار کریں جیسے میز کی دوسری طرف آپ ہوں انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے اور آپ ہی نے ملکی وقار کو دنیا میں بلند کرنا اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے جبکہ ملک کی سلامتی سول سرونٹس کی وجہ سے محفوظ ہاتھوں میں ہے انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ایک پروفیشنل ذمہ داری ہے جو مشکل حالات کا سامنا اور معاشرے میں بہتری کیلئے مثبت کردار ادا کرتے ہوئے اپنے فیصلوں پر ثابت قدم رہنے جیسی ذمہ داریوں پر مشتمل ہے انہوں نے کہا کہ سول سروس کے اداروں کے مابین تعلقات کا مقصد، سیاسی، عدالتی ، سول سوسائٹی، اور میڈیا کو ایک ساتھ لانا اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا بلوچستان کی جیواسٹریٹجک پوزیشن دنیا میں اہمیت کی حامل ہے اور پوری دنیا کی نظریں اس وقت گوادر بندرگاہ پر مرکوز ہیں اور پاکستان سول و عسکری قیادت کے تعاون سے اسے پایہ تکمیل تک پہنچارہا ہے جس سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہورہا ہے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل نم خواجہ اویس عادل نے بھی خطاب کیا۔