|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2016

واشنگٹن: امریکا نے اپنے شہریوں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے انہیں پاکستان جانے میں احتیاط برتنے کا حکم دیا ہے۔ امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا ہے کہ کہ امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر کے حوالے سے جاری کی گئی وارننگ معمول کی کارروائی ہے اور پاکستان کو اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران جان کربی کا کہنا تھا پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشت گردی سے خطرہ ہے اور پاکستانی رہنما اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے بہت سے پاکستانی شہریوں اور فوجیوں کی جانیں گئیں اور یہ خطرہ پاکستان کے اندر موجود ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی حکام نے سفری وارننگ کا معاملہ امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے لیکن یہ معمول کی کارروائی ہے کیونکہ اپنے شہریوں کو کسی خطرے سے خبردار کرنا ہمارا فرض ہے تاہم کسی شہری کی پاکستان جانے کے حوالے سے حوصلہ شکنی نہیں کی گئی۔