|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2016

امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے اور صدارت پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کی غرض سے اپنا ‘کاروبار مکمل طور پر’ چھوڑ رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ یہ تشویش مسترد کرتے رہے ہیں کہ ان کے کاروبار اور صدارت کے درمیان مفادات کا ممکنہ ٹکراؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ امریکی قانون کے تحت ایسی کوئی شرط نہیں کہ صدر کاروبار نہیں کر سکتا، تاہم ماضی میں امریکی رہنما عہدۂ صدارت کے دوران اپنی کاروباری مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے چلے آئے ہیں۔ بدھ کو ٹویٹس کے ایک سلسلے میں ٹرمپ نے کہا: ‘میں 15 دسمبر کو نیویارک میں اپنے بچوں کے ہمراہ ایک بڑی پریس کانفرنس سے خطاب کروں گا جس کے دوران میں بتاؤں گا میں ملک چلانے پر توجہ مرکوز کرنے اور اسے دوبارہ سے عظیم بنانے کی خاطر اپنا کاروبار مکمل طور پر چھوڑ رہا ہوں۔’ انھوں نے مزید کہا: ‘اگرچہ قانون ایسی کوئی شرط عائد نہیں کرتا، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ ظاہری طور پر بہت ضروری ہے، حالانکہ بطورِ صدر میرے مختلف کاروباروں کے دوران مفادات کا کسی قسم کا تصادم نہیں ہے۔ ‘اس لیے ایسی قانونی دستاویزات تیار کی جا رہی ہیں جن کی رو سے میں کاروبار سے مکمل طور پر الگ ہو جاؤں گا۔ صدارت کہیں زیادہ اہم کام ہے!’