|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2016

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مسلح افواج کی تربیتی مشقوں سے انسداد دہشت گردی کا تجربہ بڑھتا ہے اور اس سے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی ،دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے پاکستان مشترکہ مشقوں کا انعقاد کرتا رہے گا، ان مشقوں کی وجہ سے دوسرے ملکوں کی افواج بھی پاکستانی فوج کے ساتھ مشقوں کیلئے متوجہ ہورہی ہیں، پاک فوج کے نشانہ باز اور تربیت یافتہ اہلکار دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی انسداد دہشت گردی تربیتی مرکز پبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سارا دن گزارا ۔ اس موقع پرآرمی چیف نے پاکستان اور چین کے درمیان دو ماہ تک جاری رہنے والی مشترکہ مشقیں ’’واریئر فور‘‘کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان فوجی مشقیں دو ماہ تک انسداددہشت گردی تربیتی مرکز پبی میں جاری رہیں اس دوران انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مختلف نوعیت کی مشقیں کی گئیں ۔ ان مشقوں میں دیہی اور شہری علاقوں میں انسداد دہشت گردی آپریشنز پر توجہ دی گئی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر افسران وجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی مشقوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے اور اس سے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ پاکستان اور چین کی مسلح افواج کی تربیتی مشقوں سے انسداد دہشت گردی کا تجربہ بڑھتا ہے ۔انسداد دہشت گردی مرکز پبی دنیا کا بہترین مرکز ہے ۔ بہترین سہولیات سے ہمیں مرکز سے دوسرے ملکوں کی افواج کو تربیت کے لئے ترغیب ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور امن کے قیام کے لئے تربیتی سروسز کی پیشکش کو جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر چینی کمانڈر نے کہا کہ پاک فوج کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مہارت قابل تعریف ہے ۔ کامیاب تربیتی مشقوں سے اسٹریٹجک دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی بار ہونے والے لانگ رینج سنائپر شوٹنگ مقابلے کو بھی دیکھا ، مقابلے میں پاکستان کے 100بہترین نشانے بازوں نے حصہ لیا ۔ آرمی چیف نے مقابلے کے فاتح اور بہترین شوٹرزکو ٹرافی بھی دی ۔ میجر جنید بہترین شوٹر قرار پائے اورانہوں نے سٹرائیکرز کپ جیت لیا ۔آرمی چیف نے کہا کہ مقابلوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور نوجوان نسل کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ عالمی سطح پر نشانہ بازی کے مقابلوں کو جیت سکیں ۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پبی پہنچے تو کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے ان کا استقبال کیا۔