ریاض: سعودی عرب میں ٹرک ڈرائیونگ کرنے والے پاکستانی شہری سے ٹریفک حادثے میں ایک سعودی ہلاک ہوگیا جس پر اسے سزائے موت سنائی گئی تاہم لواحقین نے دیت کے بدلے خون معاف کرنے کا کہا جسے سعودی شہری نے ادا کرکے ٹرک ڈرائیور کی جان بچالی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رستم خان نامی پاکستانی شہری سعودی عرب میں ٹرک ڈرائیور ہے جس کے ٹرک کے نیچے آکر ایک سعودی شہری ہلاک ہوا اور اس کیس میں رستم کو سزائے موت سنائی گئی تاہم جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین نے راضی نامے کے لیے دیت میں 2 لاکھ 70 ہزار سعودی ریال مانگے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 75 لاکھ 50 ہزار روپے بنتے ہیں، رستم خان اس رقم کی ادائیگی سے قاصر تھا جس پر اس نے سوشل میڈیا پر رقم کی ادائیگی کے لیے عوام سے مدد طلب کی تھی اور رقم کے بدلے اپنا گردہ تک فروخت کرنے کی بھی پیشکش کردی تھی۔
سوشل میڈیا پر رستم خان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی شاعر فیض المالکی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اور ان کا ایک ساتھی جو شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا، سزائے موت پانے والے پاکستانی کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ سعودی شہری نے سزائے موت پانے والے پاکستانی کی جگہ اللہ کی رضا کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار ریال دیت میں دے کر اس کو سر قلم ہونے سے 2 دن پہلے بچالیا جب کہ انہوں نے رستم خان کو بھی بطور امداد 5 ہزار ریال بھی دیئے۔
رقم دینے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں فریقین کو فیض المالکی سے خون بہا کی رقم وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے.