|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2016

انڈیا کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑہ مسلسل نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہیں اور اب انھیں بچوں کے حقوق کے پروموشن کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی گلوبل گڈول (خیرسگالی) ٹیم میں شامل کیا گيا ہے۔ وہ گذشتہ دس سال سے انڈیا کی جانب سے یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیر ہیں اور اب انھیں عالمی ٹیم میں شامل کیا گيا ہے۔ گذشتہ روز اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیو یارک میں یونیسیف کی 70 ویں سالگرہ منائی گئي جس میں وہ عالمی شہرت کی حامل شخصیات ڈیوڈ بیکھم، اورلانڈو بلوم، جیکی چین اور ملی بابی براؤن کے ہمراہ نظر آئیں۔ انھوں نے انسٹا گرام اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘یقین نہیں آتا کہ دس سال ہو گئے! یونیسیف کی گلوبل گڈول ایمبیسڈر کی خدمات کے لیے اس حیرت انگیز گروپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے باعث افتخار ہے۔’ امریکی ٹی وی سیریز ‘کوانٹیکو’ کی اداکارہ کو ایک بار پھر ‘پیپلز چوائس’ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گيا ہے۔ انھوں نے فٹبالر ڈیوڈ بیکھم اور ملی بابی براؤن کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور لکھا: ‘یونیسیف کے عالمی خاندان میں شامل کرنے کے لیے ڈیوڈ بیکھم اور ملی بابی براؤن آپ دونوں کا شکریہ۔’ انھوں نے مزید لکھا: ‘ہم خیال لوگوں سے ملنا ہمیشہ مسرت کا باعث ہوتا ہے جو یہ سوچتے ہیں کہ سب کچھ کے باوجود ہم مین ابھی انسانیت باقی ہے۔ اور ملی براؤن آپ نے آج بہترین میزبانی کی۔۔۔ مبارکباد۔’