|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2016

کراچی : پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے اپنے جاری سی ایس آر پروگرام کے تحت پسماندہ طبقے کو مفت علاج و معالجے اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی کاوشوں کے سلسلے میں انڈس ہسپتال( آئی ایچ) اور کوہی گوٹھ ہسپتال(کے جی ایچ) کو بالترتیب 12.4 ملین روپے اور 9.3 ملین روپے کے عطیات دےئے ہیں۔ایم ڈی و سی ای و سید وامق بخار ی نے پی پی ایل ہیڈ آفس میں منعقدہ سادہ تقریب میں آئی ایچ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان اور کے جی ایچ کے صدر ڈاکٹر سید ٹیپو سلطان کو دونوں ادارو ں کے نمائندگان اور عہدے داران کی موجودگی میں چیک پیش کئے۔ یہ عطیات ماں اور بچے کی بنیادی صحت کی بہتری کے لئے معاون ثابت ہوں گے ۔ صحت کے اعتبار سے ماں اور بچے کی صحت ایک تشویش ناک مسئلہ ہے جو حالیہ اعاداد وشمار سے بھی واضح ہے۔ جس میں نوزائدہ بچوں کی ہلاکت فی ہزار میں سے 66 ہے جبکہ زچگی کے دوران (زندہ بچوں کو جنم دینے والی ) 100000 میں سے 170 مائیں جان گنوا بیٹھتی ہیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وامق بخاری نے کہا کہ” صحت کی معیار ی سہولیات کی فراہمی خصوصاً ماں اور بچے کی صحت کو ہمارے سی ایس آ ر اقدامات میں ہمیشہ اہمیت حاصل رہی ہے۔ پی پی ایل نے ملک کے نواحی علاقوں میں جدید سہولیات سے آراستہ ماں اور بچے کی صحت کے مراکز قائم کئے ہیں ” پی پی ایل کے عطیات کورنگی ،کراچی کے قریب واقع آئی ایچ کے شیخ سعید میموریل کمپلکس میں جدید سہولیات سے آراستہ بچو ں کی انتہائی نگہداشت کے وارڈ کے انتظامات کو چلانے کے لئے استعمال ہوں گے جس سے علاقے کی پانچ لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں کے مکین بھی استفادہ حاصل کر یں گے۔آئی ایچ کا قیام 2007 میں عمل میں آیا تاکہ پسماندہ آبادی کو معیاری علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اس وقت، ملک بھر میں موجود انڈس کے آٹھ کیمپسس میں روزآنہ 1000 سے زائد داخل اور بیرونی مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ 2006 میں لانڈھی، کراچی میں قائم ہونے والاکے جی ایچ ،200 بستروں پر مشتمل نجی ہسپتال ہے جو ان مستحق خواتین کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے جو دورانِ زچگی اور بچوں کی پیدائش کے مرحلے میں ہونے والی پیچیدگیوں خصوصاً فسٹیولا کا شکار ہو جاتی ہیں۔پی پی ایل کے عطیات سے کے جی ایچ حال ہی میں وسعت دےئے گئے آپریشن تھیٹر کے لئے جدید آلات حاصل کرسکے گا تاکہ ہسپتال میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ویسیکو ویجائنل اور ریکٹو ویجائنل فسٹیولا، روائیتی اور لیپرو اسکوپک طریقے سے سرجری کی بہتر سہولت فراہم کی جا سکیں۔قبل ازیں،کمپنی نے کے جی ایچ کو2014 میں 25 بستروں پر مشتمل، جدید سہولیات سے آراستہ پی پی ایل وارڈ کے قیام کے لئے 4.8 ملین روپے کے عطیات بھی فراہم کئے تھے۔پی پی ایل کو گذشتہ 11 سالوں کے دوران عطیات کے حجم کے لحاظ سے کاروباری شعبے میں سب سے زیادہ عطیات دینے والے ادارے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔کمپنی نے 2015-2016 کے دوران اپنے سی ایس آر پروگرام کی مد میں 990 ملین سے زائد روپے خرچ کئے ہیں۔