کراچی: پاک بحریہ کے ہراوّل جنگی یونٹ نے شمالی بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندارمظاہرہ کیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے ہراوّل جنگی یونٹ نے شمالی بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا مظاہرہ کیا، پاک بحریہ کے جہاز سے داغے گئے میزائل نے اپنے ہدف کو 100 فیصد درست نشانہ بنایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق لائیو فائرنگ کے دوران سمندرسے سمندرمیں مارکرنے والے بحری جہاز شکن میزائل کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ بھی کیا گیا، میزائل پاک بحریہ کے فریگیٹ جہاز اصلت سے داغا گیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے لائیو میزائل فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا کہنا تھا کہ لائیو میزائل فائرنگ ملکی بحری دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور کامیاب لائیو میزائل فائرنگ بحری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کے عزمِ مُصمم کی عکاس ہے۔