|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2016

اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے قابل اور مستحق طلباء کے لئے 2016-17 میں 260 سکالرشپ دینے کے لئے ایک پروگرام شروع کرنے کا آغاز کیا ہے ۔ اس ہائیر ایجوکیشن سکالرشپ پروگرام کے تحت او جی ڈی سی ایل ملک بھر کی مختلف انجنیئرنگ یونیوریٹیز کے لئے 130 جبکہ قائد اعظم یونیورسٹی کے لئے 80 اور اسلام انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے لئے 50 سکالرشپ دیے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں آج مورخہ 21 دسمبر 2016 کو او جی ڈی سی ایل کے زیر اہتمام ہیڈ آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی تھے ۔ تقریب میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور مختلف یونیورسیٹوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم ڈی او جی ڈی سی ایل اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن نے مفاہمت کی ایک یاداشت ( ایم او یو ) پر دستخط کیے ۔ یہ سکالر شپ انجنیئرنگ ، سوشل سائنسز ، ارتھ سائنس اور دیگر شعبوں سے منسلک پاکستانی یونیورسیٹوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو دیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ او جی ڈی سی ایل اور ہنر فاؤنڈیشن کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے ۔ اس ایم او یو کا مقصد معاشرے میں پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تا کہ ملازمتوں کے مواقعے کو بڑھایا جا سکے ۔ او جی ڈی سی ایل ہنر فاؤنڈیشن کے 69 طلباء کو جن کا تعلق کمپنی کے آپریشنل ایریا سے ہے ان کو اس پروگرام کے تحت فنڈز مہیا کرے گی ۔ او جی ڈی سی ایل اس پروگرام کے لئے 141 ملین روپے فراہم کرے گی ۔