|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

تربت : سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ‘نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ ساحل وسائل کے دفاع کیلئے نیشنل پارٹی اپنی قومی ذمہ داری سے لمحہ بھرغافل نہیں رہے گی‘نیشنل پارٹی نے اپنے دور اقتدارمیں ساحل اور وسائل کے تحفظ ‘ عوام کے بہتر مستقبل اورتعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخ میں یادرکھے جائیں گے ‘ قومی مفادات کی نگہبانی کرتے رہیں گے ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی تحصیل دشت کے سنےئر ساتھیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی صدرکہدہ محمد اکرم دشتی ‘ چےئرمین حلیم بلوچ ‘مشکور انوربلوچ‘ محمدجان دشتی ‘محمد طاہر بلوچ‘ کہدہ عزیز دشتی سمیت دیگر رہنمابھی شریک تھے ‘ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی اقتدار کو عوام کی امانت سمجھتے ہوئے اس کے ذریعے عوام کی خوشحالی اور ان کے معیارزندگی بہترسے بہترکرنے ‘سماجی تبدیلی کی راہیں کھولنے اور قومی ووطنی مفادات کے تحفظ کویقینی بنانے کاوژن رکھتی ہے ‘ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت خالصتاً میرٹ کی بنیادپر اساتذہ کی جوتعیناتیاں کی گئیںیہ دراصل ہمارے قومی سوچ ‘علم دوستی اور اساتذہ کی بھرتیوں میں عدم سیاسی مداخلت کے پالیسی کامظہرہے ‘ ڈھائی سال کے مختصرمدت میں ہم نے اجتماعی اورقومی نوعیت کے ترقیاتی اسکیمات کاجال بچھادیا ہے انہوں نے کہاکہ گوادر اورپسنی میں پچھلے ادوار میں لینڈ مافیا کی ملی بھگت سے زمینوں کی جوبندربانٹ ہوئی تھی ہم نے اس جعلی اور بلوچ دشمن سٹلمنٹ کو منسوخ کرواکر حقیقی معنوں میں ساحل کادفاع کیا ‘تقریباً ڈیڑھ لاکھ ایکڑ زمین مافیا سے چھین کر بلوچستان حکومت کے حوالے کیا جو آنے والے وقت میں عوام کے فلاح وبہبودکے کاموں کیلئے استعمال میں لائی جاسکے گی انہوں نے کہاکہ اپنی سرزمین اور عوام کے ساتھ نیشنل پارٹی کی کمٹمنٹ ایک پختہ فکر پرمبنی ہے جوبہت گہرا اور ازحدمضبوط ہے ہمیں اپنی وابستگی کے حوالے سے کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے بلوچستان کے قومی وسائل اورریکوڈک کامضبوطی اوربہادری کے ساتھ دفاع کرکے قومی فریضہ پوراکیا انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی حالیہ مردم شماری کو انتہائی حساس قومی معاملہ سمجھتے ہوئے اس مسئلہ پر ازحدسنجیدہ ہے ‘حالیہ مردم شماری بلوچ کے قومی مرگ وزیست کامعاملہ ہے اس معاملہ پر کسی قسم کی مصلحت پسندی کاشکارنہیں ہوں گے