کوہاٹ: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں ذلت اور رسوائی کےساتھ شکست دیں گے۔
کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلمان انتہا پسند نہیں، امریکا لاکھوں انسانوں کا قاتل ہے، آج بھی انسانیت کے خلاف جنگ جاری ہے، برما میں مسلمانوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔ مدرسہ اسلامی تہذیب اور چادر کی حفاظت کرتاہے، سازشوں سے مدرسوں کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا، پشتون علاقوں میں مذہب کی جڑیں گہری ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) کےاتحادی ہیں لیکن اگر نظریے سےاختلاف ہوا تو ان کے خلاف بھی میدان میں نکلیں گے، ہمیں فاٹااصلاحات پروفاقی حکومت سےبھی اختلاف ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سروے کے مطابق خیبر پختونخوا کرپشن میں ملک بھر میں سب سے آگے ہے جب کہ کے پی میں احتساب بیوروکے چیئرمین نے پی ٹی آئی سےتنگ آکراستعفیٰ دیا عمران خان تضادات کا مجموعہ ہیں وہ ایک دن کچھ اوراگلے دن کچھ کہتے ہیں، وہ کبھی سپریم کورٹ سے مایوس ہوکراسمبلی جاتےہیں تو کبھی اسمبلی سے سپریم کورٹ، وہ کہتے ہیں کہ خیبر بینک کے مسئلے کو ہائی کورٹ جب کہ پاناما کا مسئلہ سپریم کورٹ میں چلایا جائے، عمران خان نے پہلے انتخابی دھاندلی کا واویلا کرکے 35 پنکچر کا شور مچایا اور پھر کہا کہ 35 پنکچر والا بیان سیاسی تھا، انہوں نے پہلے کہا تھا کہ شیخ رشید کوچپڑاسی نہ رکھوں اب کہتے ہیں وہ میری سوچ کے ساتھ ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کے مقتدر حلقوں نے ان کے تحریک انصاف سے اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مجھ سے 3 ملاقاتیں بھی کیں۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ نہ کہوں ، تیسری ملاقات میں، میں نے ان سے کہا یہ آپ کی مجھ سے آخری ملاقات ہے، مجھے تحریک انصاف سے جن باتوں پر اختلاف ہے اس پر اب بھی قائم ہوں۔ عمران خان کی جماعت کو خیبر پختونخوا میں مسلط کیا گیا اور کہا گیا کہ پشتون علاقوں میں مذہبی جڑیں ختم کرنے کے لیے تحریک انصاف سے بڑی کوئی جماعت نہیں لیکن ہم پی ٹی آئی کو ذلت اوررسوائی کے ساتھ کو خیبر پختونخوا میں شکست دیں گے۔