|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2016

سوچی: روس کے فوجی اہلکاروں کو شام لے جانے والا طیارہ بحراسود میں گرکرتباہ ہوگیا جس میں 92 افراد سوار تھے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے شہرایڈلرسے شام کے شہرل اذقیہ جانے والا ہوائی جہاز کا اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد بحر اسود میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں عملے کے 8 افراد سمیت 92 مسافر سوار تھے۔ روسی وزارت دفاع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تباہ ہونے والے ٹی یو 154 طیارے میں روسی فوج سے وابستہ افراد سوار تھے جن میں فوج کا میوزک بینڈ بھی شامل تھا جو شام میں روسی فوجی اڈے میں نئے سال کے جشن کے موقع پر پرفارم کرنے جارہے تھے اس کے علاوہ طیارے میں میڈیا کے 9 نمائندے بھی شامل تھے۔ روسی حکومت کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے مقامی خبر ایجنسیوں کو بتایا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوتن بذات خود ساری صورت حال کو مانیٹر کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ روس گزشتہ برس سے شام میں بشار الاسد کی حکومت کو داعش اور دیگر باغیوں کے خلاف فوجی تعاون فراہم کررہا ہے.