|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2016

زیارت: بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے بلوچستان کے چپے چپے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،بلوچستان میں امن کی ہوائیں چل رہی ہیں قائد اعظم کے افکار کو اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے قائد اعظم کے خیالات اور افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،قائد اعظم نے ہمیں جو ملک دیا ہے اس کی حفاظت کریں گے ،ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہاکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض اور آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے زیارت ریزیڈنسی میں قائد اعظم ڈے کے موقع پر ایک پرُوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قائد اعظم ریزیڈ نسی پر قومی پرچم کی کشائی بھی کی گئی ۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ،میر سرفراز بگٹی ،نواب محمد خان شاہوانی ،چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ،سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر،اراکین اسمبلی حاجی عبدالمالک کاکڑ ،عبدالکریم نوشیروانی ،امان اللہ نوتیزئی ،آئی جی پولیس احسن محبوب ،بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ،کمشنر سبی ڈویژن ڈاکٹر سعید احمد جمالی ڈپٹی کمشنر زیا رت عبدالخالق مندوخیل ،ڈسٹرکٹ چیئرمین زیارت سردار میر وائس خان اور ڈی پی او زیارت محمد حنیف بلوچ بھی تقریب میں موجود تھے ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کی زندگی میں انقلاب برپا کیااور ہمیں ایک الگ وطن دیا ،قائد اعظم اور ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیا ں دی ہیں ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ،قائد اعظم محمد علی جناح کی مسلمانوں اور پاکستانی قوم کے لیے قربانیاں روشنی کے مینار کی حیثیت رکھتی ہیں ،پاکستانی قوم دنیا کی ایک منفرد قوم ہے پاکستان کے دشمن پاکستان کو شکست نہیں دے سکتے ،پاکستان کی بنیاد رکھنے والے عظیم لوگ تھے اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آج پاکستان ایک ناقابل تسخیر ملک بن چکا ہے اور آئندہ بھی رہے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کی ہوائیں چل رہی ہے ،بلوچستان میں بڑی تعداد میں ناراض بھائی ہتھیا رپھینک کرقومی دھارے میں آئے ہیں جن کو خوش آمدید کہتے ہیں اورجلد ہی باقی ناراض بھائی بھی آئیں گے۔انہوں نے کہا دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے جو بھی دہشت گرد ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوگا ان کو خوش آمدید کہیں گے اور جو بھی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرے گا ان کے خلاف بھر پور کاروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نو جوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ نو جوان مستقبل کے معمار ہیں ،نوجوان اپنے کردار بلند اوصاف اور معیاری تعلیم کی بنیاد پر پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک عظیم لیڈر تھے انہوں نے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا اور ہمیں ایک الگ وطن دیا جس میں ہم آزادی سے سانسیں لے رہے ہیں ،اس وطن کو ہم سب نے شاد وآباد رکھنا ہے ۔انہوں نے کہابلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ،دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کاروائی کریں گے،بلوچستان میں حالات بدل رہے ہیں ،پرامن بلوچستان اور پاکستان ہماری بقاء کا ضامن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پرامن اور محب وطن ہیں ۔ ایف سی بلوچستان میں تعلیم کے حوالے سے بھی بھر پور کردار ادا کررہی ہے ، بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے آرمی اور ایف سی کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے ایف سی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زیارت کے عوام خوش نصیب ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے آخر ی ایام زیارت میں گزارے۔دریں اثناء پروگرام میں ٹیبلو ،تقاریر ، ملی نغمے اور سازینے پیش کیے گئے ۔پروگرام کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریا ض نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے