ٹوبہ ٹیک سنگھ: زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے جب کہ کئی افراد مختلف اسپتالوں میں زدگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے مبارک آباد میں زہریلی شراب پینے سے بڑی تعداد میں لوگوں کی حالت بگڑ گئی تھی۔ جنہیں ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں اب تک 15 جب کہ الائیڈ اسپتال میں بھی 15 افراد دم توڑچکے ہیں، اس کے علاوہ دونوں اسپتالوں میں 25 سے زائد افراد زیر علاج ہیں جن میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے زہریلی شراب فروخت کر نے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیاہے جب کہ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب بیچنے کے شبہ میں تین افراد کو حراست میں لیا ہے،ان سے تفتیش جاری ہے،ان افراد کے انکشافات پر مزید کاروائی کی جائے گی تاہم ابھی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔