|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2016

کراچی: قومی ایئر لائن کا باکمال عملہ عوام کو تو اکثر لاجواب سروس دیتا ہی ہے لیکن انہوں نے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کو بھی نہ چھوڑا جنہیں جانا تو سکھر تھا لیکن انہیں ملتان جانے والی پرواز میں بٹھادیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی تمام اعلیٰ قیادت بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں موجود ہے جہاں جلسہ عام منعقد ہورہا ہے اور اس کے بعد پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا بھی اجلاس ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کو بھی کراچی سے سکھر کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن پی آئی اے کے عملے نے انہیں ملتان جانے والے طیارے میں بٹھا دیا۔ دوسری جانب شیری رحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے ہمیں غلط پرواز میں بٹها دیا تاہم بعد میں صحیح طیارے میں سوار کرایا گیا۔ ادھر ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروٹوکول دینے والے کسی فرد کی غلطی کے باعث ایسا ہوا ہے اور شیری رحمان کوغلط طیارےمیں بٹھانے کی تحقیقات جاری ہے۔