کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کیلئے قائم مشترکہ رابطہ کمیٹی ( جی سی سی ) کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو 29دسمبر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوگا جے سی سی اقتصادی راہداری کا سب سے بڑا اور اہم فورم ہے جس میں کئے جانے والے فیصلے منصوبے پر عملدرآمد کی پیشرفت تیز کرتے ہیں جے سی سی کے اجلاس میں کوئٹہ کے لائٹ ٹرین سسٹم جو کہ کچلاک تا سپیزنڈ کے درمیان ٹرانزٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ ہے کے علاوہ کوئٹہ کے شہریوں کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنانے کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سی پیک میں شامل گوادر کی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت میں اضافے سے متعلق امور اٹھائیں گے ان منصوبوں میں گوادر کی ترقی کے ماسٹر پلان کی تیاری ، گوادر میں پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب، گوادر نیو انٹر نیشنل ائرپورٹ ، گوادر بندرگاہ کو کوسٹل ہائی وے سے منسلک کرنے کیلئے ایسٹ بے ایکسپریس وے اور گوادر میں 300میگا واٹ پاور پلانٹ کی تعمیر سمیت بعض دیگر اہم منصوبے بھی شامل ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف گوادر کی ترقی کا عمل تیز ہوگا بلکہ اقتصادی راہداری منصوبے پر پیشرفت پر بھی اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کے شہری بھی ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتوں کی صورت میں سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں گے۔