|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ کے سیوریج لائنوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد سوموار سے ایک اور 5روزہ خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیاگیاہے ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس ،سر پل اور دیگر مقامات کے سیوریج لائنوں سے پانی کے نمونے لیکر انہیں اسلام آباد بھجوایاگیاتھا جن میں گزشتہ روز پولیو وائرس کی موجودگی کاانکشاف ہواہے اس بات کی تصدیق کوئٹہ میں ایمرجنسی پولیو آپریشن سینٹرکے حکام نے بھی کردی ہے اور کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سوموار سے پانچ روزہ ایک اور پولیو مہم کاآغاز کردیاجائیگاجس میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے ،واضح رہے کہ 16جنوری سے ایک اور پولیو مہم کاآغاز کیاجارہاہے تاہم پولیو کے حوالے سے حساس اضلاع کوئٹہ ،پشین اور قلعہ عبداللہ میں ماہ جنوری اور فروری کے دوران پولیو سے بچاؤ کے 2,2مہمات چلائے جائینگے جس کے دوران لاکھوں بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاوہ قلعہ عبداللہ میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم خوش آئند بات ہے کہ اب تک بلوچستان میں پولیو کاایک صرف ایک کیس رپورٹ ہواہے ۔