کراچی: وزیر اطلاعت سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح عمل پیرا نہیں جب کہ وفاق نے مدارس سمیت غیرقانونی اسلحہ کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔
کراچی میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان لڑائی کروانے کی کوشش کی گئی لیکن اداروں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے نتائج سامنے آئے ہیں، نئے کور کمانڈر بہت نرم مزاج آدمی ہیں، نئے ڈی جی رینجرز بھی بہت اچھے ہیں جب کہ آئی جی سندھ اور کورکمانڈرنے سندھ حکومت کے اقدامات پراطمینان ظاہرکیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم اہم مسئلہ ہے کیونکہ ہم اوپر کچھ بھی کریں لیکن اگر گلیوں میں عوام محفوظ نہیں تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، یہ اہم معاملہ ہے لہذا وزیراعلیٰ نے اسٹریٹ کرائم ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر صحیح ردعمل نہیں دے رہا، وفاق نے مدارس سمیت غیرقانونی اسلحہ کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی،کالعدم تنظیموں کے حوالے سے وفاق کی کوئی پالیسی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس کرنے اوردکھانے کو کچھ نہیں رہا جب کہ راحیل شریف کے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے سکون کا سانس لیا، اسلحہ یہاں نہیں بنتا لیکن یہاں آرہا ہے اور اس کو روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے تاہم وفاق سندھ کے ساتھ پنجاب کے شہروں میں بھی بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔