کراچی : پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ اور ایوارڈز کی تقریب برائے سال 2016 آج پی این ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی ۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ایک مؤثر اور مضبوط بحریہ پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی فلیٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کار کردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلیٹ نے گذشتہ برس بہت سی بحری مشقوں اور لائیو ویپن فائرنگ میں حصہ لیا ۔ ان آپریشنز میں فلیٹ کی بھر پور شمولیت آپریشنل پلانز مٹیریل اسٹیٹ کو بہتر بنانے اور حربی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔ مختلف میزائلوں کی کامیاب فائرنگ اور اور دشمن کی آبدوز کی ہمارے علاقے میں دراندازی کی کوشش کا موثر سد باب نیول فلیٹ کی اعلی پیشہ ورانہ کارکردگی اور مہارت کا آئینہ دار ہے۔ نیول چیف نے پاک چائنا اقتصادی راہداری میں مرکزی حیثیت کی حامل گوادر پورٹ کے یقینی تحفظ کی ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے خصوصی ٹاسک فورس 88کے قیام کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثرانداز میں ادا کرتی رہے گی۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزوں کا حصول اپنے تکمیل کے مراحل طے کرتا ہوا پاکستان بحریہ کی استعداد میں کلیدی اضافہ ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید جنگی جہازوں کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس با ت پر زور دیا کہ جدید جنگی اسلحے کے حصول کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہونا چاہیے کہ تربیت اور انتھک محنت کے ذریعے ہی ہم دشمن پر سبقت حاصل کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمر ل عارف اللہ حسینی نے سال 2016کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل سرگرمیوں اورکامیابیوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اہم بحری مشقوں کے انعقاد اور دیگر آپریشنل سرگرمیوں کے علاوہ فلیٹ یونٹس نے متعدد کثیر القومی اور دو طرفہ مشقوں اور آپریشنل تعیناتیوں میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سطح سمندر سے سطح سمندر میں بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کی کامیاب فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں کی ایک اور اہم دلیل ہے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2016ء کے دوران بہترین قرار دیے جانے والے یونٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔ پی این ایس ٹیپو سلطان، پی این ایس اصلت، پی این ایس نصر، پی این ایس مدد گار، پی این ایس محافظ، پی این ایس عظمت، پی این ایس ضرار، پی این سب میرین خالد، 333ایوی ایشن اسکواڈرن، SRڈیپارٹمنٹ گروپ اور سروے جہاز بحر پیما نے اپنے اپنے متعلقہ اسکواڈرنز میں ایفیشنسی شیلڈز حاصل کیں۔