تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات، سابق وزیراعلیٰ کے ترجمان جان محمد بلیدی اور نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی کہدہ اکرم دشتی، چےئرمین میونسپل کارپوریشن تربت قاضی غلام رسول بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کہنہ مشق سنجیدہ سیاسی کارکنوں کی منظم قومی سیاسی جماعت ہے جو فعال تنظیمی اداروں کے تحت چلتی ہے، ہماری تاریخ جدوجہد، قربانیوں اور ہر کٹھن حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے کی تاریخ ہے، قومی مفاد کے معاملہ پر نہ پہلے مصلحت سے کام لیا ہے اور نہ آہندہ کوئی ہم سے اس کی امید رکھے، منظم عوامی سیاسی جماعت ہی بلوچ اور بلوچستان کو گرداب سے نکالنے کا موجب بن سکتی ہے، نیشنل پارٹی نے وزارت اعلیٰ کے دوران قومی مفاد کے ہرمعاملہ پر بہادری اور جرات کے ساتھ واضح اور دوٹوک اسٹینڈ لیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل پارٹی تحصیل ناصر آباد کے تحصیل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پارٹی رہنماء واجہ ابوالحسن بلوچ، ناظم الدین ایڈوکیٹ، چےئرمین ضلع کونسل فداحسین دشتی، حلیم بلوچ، محمد جان دشتی اور دیگر مقامی رہنماوں نے اظہار خیال کیا، تحصیل کونسل میں تحصیل کابینہ کے عہدیداران اور ضلع کونسل کے ممبران کا چناؤ عمل میں لایا گیا‘ مرکزی قائدین نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کے قومی مشن کو آگے بڑھائیں گے اور اپنے عوام کو پارٹی پرچم تلے منظم کریں گے‘ مرکزی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم سیاست برائے سیاست کے قائل نہیں بلکہ بلوچستان کے قومی و وطنی مفادات کے نگہبانی کے واضح قومی ایجنڈے کے تحت اس جہد مسلسل کے ساتھ فکری طور پر منسلک ہیں، نیشنل پارٹی کو جب بھی اقتدار کا موقع ملا تو اس نے قومی تعمیر و ترقی کے ایجنڈا پر ہی کام کیا، انہوں نے کہا کہ آج چاروں اطراف سے بھیانک چیلنجز اژدھا کی مانند منہ کھولے ہوئے ہیں ان حالات میں منظم عوامی سیاسی جماعت اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ سیاسی حکمت عملی کے تحت ہی قومی و وطنی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین نے کہاکہ میرانی ڈیم متاثرین کیلئے پونے4ارب روپے معاوضوں کی منظوری نیشنل پارٹی کی کاوشوں کی مرہون منت ہے ‘ 2007ء کے سیلاب کے بعدسے متاثرین پریشان ‘دربدر اورسرگرداں رہے مگر بڑے بڑے دعوے اورنعرے لگانے والوں کو خیمہ بستیوں میں مقیم یہ متاثرین نظرنہیں آئے مگر نیشنل پارٹی نے اقتدارمیں آتے ہی میرانی ڈیم متاثرین کے معاوضوں کے مسئلہ کواپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا اور آج ہمیں خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ہم اپنے ان متاثرہ خاندانوں کی اشک شوئی میں کامیاب ہوگئے اور ان کے معاوضوں کیلئے پونے4ارب روپے منظور ہوچکے ہیں یہ سب نیشنل پارٹی کی قیادت کی غریب دوست وعوام دوست پالیسیوں کامظہرہے ۔