|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں جہاز میں آتشزدگی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مفصل رپورٹ طلب کی ہے ۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے دوماہ کی مختصر مدت میں شپ بریکنگ یارڈ میں رونما ہونے والے آتشزدگی کے تیسرے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جیسے واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے اور ان کی روک تھام کے لئے متعلقہ اداروں، محکموں، انتظامیہ اور شپ بریکرز کو اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اگر یہ ادارے صحیح طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیں تو محنت کشوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی غریب مزدوروں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانے کے اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ نے یکم نومبر 2016ء کو گڈانی میں جہاز میں ہونے والے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے قائم کمیٹی کی رپورٹ فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آتشزدگی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے مکمل تعاون کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کے فوری بعد چیف سیکرٹری بلوچستان چیف اللہ چھٹہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے واقعہ سے متعلق تبادلہ خیال کیا انہیں نے گڈانی شپ بریکنگ میں ہونے والے حادثات کے حوالے سے آج بروز منگل اعلیٰ سطحی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔